وزیرِ اعظم شہباز شریف کا پسرور چھاؤنی کا دورہ، افواجِ پاکستان کی بہادری کو



وزیرِ اعظم شہباز شریف کا پسرور چھاؤنی کا دورہ، افواجِ پاکستان کی بہادری کو خراجِ تحسین

سیالکوٹ (24 نیوز) – وزیرِ اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے پسرور چھاؤنی، سیالکوٹ کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے آپریشن بنیان المرصوص کے دوران شرکت کرنے والے افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ قربانی کو سراہا۔

افواج پاکستان کی جرات و بہادری پر وزیراعظم کا اظہارِ فخر

دورے کے دوران وزیرِ اعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے معرکہ حق میں دشمن کی جارحیت کا بروقت اور فیصلہ کن جواب دیا، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہداء ہماری تاریخ کے روشن باب ہیں اور قوم ہمیشہ ان کی قربانیوں کو یاد رکھے گی۔

تفصیلی بریفنگ اور تیاریوں کا جائزہ

وزیرِ اعظم کو لڑائی کی نوعیت، فوجی تیاریوں اور آپریشن کی حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شہباز شریف نے افواج کی تیاریوں اور مورال پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دفاعِ وطن پر مامور جوان قوم کے اصل ہیرو ہیں۔

بھارت کو سخت پیغام

وزیرِ اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جھوٹے دعوے اور غیر ذمے دارانہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر جانبدار تحقیقات سے راہِ فرار اختیار کی۔ شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان نے چند گھنٹوں میں دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت کا ہمراہ ہونا

وزیرِ اعظم کے اس اہم دورے میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ اور دیگر اہم فوجی و سول حکام شریک تھے۔ آرمی کور کمانڈر سیالکوٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آئندہ دورے: پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے جوانوں سے ملاقاتیں

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ چند روز میں ایئر بیسز اور نیول بیسسز کا دورہ کر کے پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ ان کے حوصلے کو مزید بلند کیا جا سکے۔


تبصرے