وزیراعظم شہباز شریف کا ایف بی آر اصلاحات پر اظہارِ اطمینان،


 

وزیراعظم شہباز شریف کا ایف بی آر اصلاحات پر اظہارِ اطمینان، ٹیکس نظام کی بہتری کو اہم کامیابی قرار

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جاری اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹیکس نظام کی بہتری کو ملک کی معیشت کے استحکام کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عصری تقاضوں سے ہم آہنگ اور ڈیجیٹل بنیادوں پر قائم ٹیکس نظام کی تکمیل کے لیے معینہ مدت میں تمام اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

ایف بی آر اصلاحات کے نمایاں نتائج

وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ایف بی آر کی جانب سے کی گئی اصلاحات، ان کے نتائج اور گزشتہ مالی سال کے اہداف پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا عطا اللہ تارڑ، احد خان چیمہ، اعظم نذیر تارڑ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی سال 2025 میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو میں 1.5 فیصد کا تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 45 لاکھ سے بڑھ کر 72 لاکھ تک جا پہنچی ہے۔

فیس لیس سسٹم سے کسٹمز کلئیرنس میں انقلابی بہتری

اجلاس میں بتایا گیا کہ ایف بی آر کے فیس لیس کسٹمز کلیئرنس سسٹم کی بدولت نہ صرف ٹیکس آمدن میں اضافہ ہوا بلکہ کلئیرنس کا وقت بھی 52 گھنٹوں سے کم کر کے صرف 12 گھنٹے تک لایا جا رہا ہے، جو آئندہ تین ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔

ریٹیل سیکٹر میں ٹیکس آمدن میں نمایاں اضافہ

ریٹیل شعبے میں 2024 کی نسبت 455 ارب روپے کا زائد ٹیکس وصول کیا گیا، جس کی بنیادی وجہ پوائنٹ آف سیلز (POS) نظام کا نفاذ، ایف بی آر سے سسٹم کی ہم آہنگی اور مؤثر انفورسمنٹ اقدامات بتائی گئی۔

درآمدات پر ویٹڈ ایوریج ٹیرف میں کمی

ایف بی آر اصلاحات کی بدولت درآمدی اشیاء پر ویٹڈ ایوریج ٹیرف میں 2.16 فیصد کی کمی واقع ہوئی، جس سے صنعتی شعبے کو سستا خام مال دستیاب ہونے لگا اور مینو فیکچرنگ کی لاگت میں نمایاں کمی آئی۔

ڈیجیٹائزیشن اور بین الاقوامی تجاویز کی شمولیت

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کے ڈیجیٹل وِنگ کو از سرِ نو تشکیل دیا جائے اور بین الاقوامی ماہرین کی تجاویز کو اصلاحاتی عمل میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن سے نہ صرف اہداف کے حصول میں مدد ملی بلکہ اس نظام کو پائیدار بنانے کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں۔

غیر رسمی معیشت پر قابو پانے کیلئے اقدامات

وزیراعظم نے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ غیر رسمی معیشت کو ختم کرنے کے لیے انفورسمنٹ مزید سخت کی جائے اور کاروباری برادری، تاجر تنظیموں اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے۔

وزیراعظم کی اصلاحات میں شامل افسران کو سراہا

وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کے افسران اور اصلاحاتی عمل میں شامل تمام اہلکاروں کی کوششوں کو سراہا اور آئندہ ہفتے تک قابل عمل اہداف اور ان کی تکمیل کی واضح مدت مقرر کرنے کی ہدایت جاری کی۔


تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

ایرانی برادری: متحدہ عرب امارات کی ترقی کی ایک کڑی

ایران جنگ صرف خطے تک محدود نہیں: یہ ایک عالمی بحران کا آغاز بن گیا ہے۔

آبنائے ہرمزاور نہر سوئز میں ٹول کا قانونی فرق: مصر کیوں جائز، ایران کیوں ناجائز؟